ویمنز ایشیا کپ: کیا بھارتی ٹیم جیتنے پر محسن نقوی سے ٹرافی لے گی؟ نئی بحث چھڑ گئی

محسن نقوی ویمنز ایشیا کپ 2026 کے فائنل کے مہمانِ خصوصی ہوں گے اور چیمپئن ٹیم کو ٹرافی پیش کر سکتے ہیں

ویمنز ایشیا کپ 2026 کے فائنل سے قبل ٹرافی تنازع نے  ایک بار پھر توجہ حاصل کرلی جہاں سوال اٹھ رہا ہے کہ اگر بھارت 13 ستمبر کو ٹائٹل جیتتا ہے تو کیا بھارتی ویمنز ٹیم ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرے گی؟

رپورٹس کے مطابق محسن نقوی ویمنز ایشیا کپ 2026 کے فائنل کے مہمانِ خصوصی ہوں گے اور چیمپئن ٹیم کو ٹرافی پیش کر سکتے ہیں۔

یہ معاملہ گزشتہ سال کے ایشیا کپ کے متنازعہ ٹرافی پریزنٹیشن واقعے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ 2025 کے مینز ایشیا کپ فائنل میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی جس کے باعث تقریب میں تاخیر ہوئی اور بھارتی ٹیم نے ٹرافی کے بغیر جشن منایا تھا۔

اب ویمنز ایشیا کپ کے فیصلہ کن مرحلے میں شائقین کی نظریں اس بات پر ہیں کہ اگر بھارتی ٹیم فائنل جیتتی ہے تو کیا گزشتہ سال کی صورتحال دوبارہ پیدا ہوگی یا نہیں۔

بھارت نے ٹورنامنٹ میں شاندار آغاز کیا ہے اور تھائی لینڈ کو شکست دینے کے بعد ہانگ کانگ کے خلاف 137 رنز سے کامیابی حاصل کی جس میں سمرتی مندھانا نے ریکارڈ 124 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آج کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو بھی 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

تاہم، تاحال ایسی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی کہ بھارت ٹائٹل جیتنے کی صورت میں محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کرے گا۔ اس سوال کا جواب 13 ستمبر کو فائنل کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

 

Load Next Story