سہیل آفریدی کو لاڑکانہ میں خوش آمدید، بلاول / جمہوریت کا یہی حسن ہے، شکریہ بلاول صاحب، وزیراعلیٰ
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا دورہ سندھ کا خیر مقدم کیا ہے جس پر سہیل آفریدی نے پی پی چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ لاڑکانہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خوش آمدید کہتےہیں۔
انہوں نے لکھا کہ سہیل آفریدی کے دورہ سندھ پر نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، ہمیں آخر کار برداشت ،احترام اور بقائے باہمی سیاست پر واپس آنا ہی پڑے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی اختلاف کے بجائے احترام اور باہمی سیاست ہی جمہوریت کی بنیاد ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جواب میں بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ بلاول صاحب! جمہوریت کا یہی حُسن ہے کہ سیاست اور اظہار رائے کی آزادی ہو۔
انہوں نے لکھا کہ جمہوریت کا یہ بھی حسن ہے کہ عدلیہ آزاد، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، پارلیمنٹ خودمختار، صحافت آزاد، عوامی مینڈیٹ کے برعکس چور دروازوں کا استعمال نہ ہو۔
انہوں نے مزید لکھا کہ انشاء اللّٰہ اب میر پور خاص اور پھر عمرکوٹ میں پورے پاکستان کو عمران خان صاحب کے دیوانے نظر آئیں گے جبکہ اتوار 6 ستمبر کو حیدرآباد اور کراچی میں بھی عوامی سمندر ہوگا-
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پانچ روزہ دورے پر تین روز قبل سندھ پہنچے جبکہ وہ کل کراچی آئیں گے جہاں شاہراہ قائدین پر تحریک انصاف کی جانب سے جلسہ کیا جائے گا۔
تحریک انصاف سندھ کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں سندھ بھر میں پی ٹی آئی کی اسٹریٹ موبلائزیشن تیسرے روز بھی جاری رہا۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں قافلہ نوشہروفیروز، نوابشاہ، سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ پہنچا جہاں مختلف مقامات پر انہوں نے خطاب کیا جبکہ کارکنان اور عوام کی جانب سے استقبال بھی کیا گیا۔