یوم دفاع؛ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب، پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے فرائض سنبھال لیے

64 مرد اور 8 خواتین کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستے کی جانب سے پریڈ کا شاندار مظاہرہ

فوٹو: فائل

کراچی:

یوم دفاع کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے فرائض سنبھال لیے۔

ایئر آفیسر کمانڈنگ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان اور ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا، اس پریڈ میں 72 کیڈٹس پر مشتمل چاک و چوبند دستہ نے حصہ لیا جو  64 مرد اور 8 خواتین کیڈٹس پر مشتمل تھا۔

پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر شاندار پریڈ کا مظاہرہ کرکے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی جانب سے گارڈز کے فرائض سنبھالنے کی تقریب یومِ دفاع کے موقع پر بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور قومی جذبے کی تجدید کا منفرد اظہار ہے۔

Load Next Story