شارجہ میں سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، کم از کم آمدن 20 ہزار درہم مقرر
شارجہ: شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے سرکاری ملازمین کی کم از کم آمدن 20 ہزار درہم (15 لاکھ پاکستانی روپے) مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس پر عملدرآمد ستمبر سے ہوگا۔
سرکاری اعلان کے مطابق 17 ہزار 776 سرکاری ملازمین تنخواہوں میں اضافے سے مستفید ہوں گے۔ اس کے علاوہ سماجی امداد حاصل کرنے والے 6 ہزار 652 خاندانوں کے لیے بھی مالی سہولت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق 2 ہزار 251 ریٹائرڈ شہریوں کی کم از کم آمدن بھی بڑھائی گئی ہے، جبکہ مزید 5 ہزار 300 ریٹائرڈ شہریوں کے لیے اضافی گرانٹس میں اضافہ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کم از کم آمدن میں اضافے کا مقصد شہریوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور مہنگائی کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی مالی مشکلات کم کرنا ہے۔ شیخ سلطان نے اماراتی شہریوں کو غیر ضروری قرض لینے سے گریز کرنے کی بھی ترغیب دی۔
حکام کے مطابق بچوں کی بہتر پرورش، صحت مند خوراک اور مناسب نگہداشت کے لیے بھی سرکاری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ والدین سے بچوں کے موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات کے استعمال کو محدود رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔