جنوبی وزیرستان: ڈرون حملے میں سرائے نورنگ کا سیکیورٹی اہلکار شہید
جنوبی وزیرستان وانا میں ڈرون حملے میں سرائے نورنگ سے تعلق رکھنے والا سیکیورٹی اہلکار رضوان اللہ ولد قسم خان شہید ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جنوبی وزیرستان وانا میں ڈیوٹی کے دوران ڈرون حملے میں رضوان اللہ شہید ہوئے تھے۔ اتوار کے روز ان کی نماز جنازہ آبائی علاقے سرائے نورنگ میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
ڈیرہ اسماعیل خان: درابن پولیس پر 37 گھنٹوں میں 3 بڑے حملے ناکام
ڈیرہ اسماعیل خان کی نواحی تحصیل درابن میں پولیس پر 37 گھنٹوں میں ہونے والے تین بڑے حملے ناکام بنا دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق چار ستمبر کو نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے درابن پولیس کی ایک اہم چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، جبکہ پانچ ستمبر کو اسی علاقے میں سرچ آپریشن سے واپسی پر سی ٹی ڈی پولیس پر حملہ بھی ہوا، جس میں گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
پانچ ستمبر کو رات کے اندھیرے میں نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے درابن تھانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ تینوں بڑے حملوں کو ناکام بنا دیا۔
پولیس جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں مسلح دہشتگرد فرار ہو گئے۔