حیدرآباد؛ ڈیجیٹل انوائسنگ قوانین پر عملدرآمد کیلیے انفورسمنٹ کارروائی، 30 مال بردار گاڑیاں روک لیں
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ماتحت ادارے ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) حیدر آباد نے ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم اور سیلز ٹیکس قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے انفورسمنٹ کارروائی شروع کر دی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 30 مال بردار گاڑیوں کو روکا گیا جن کے پاس مطلوبہ ڈیجیٹل انوائسز اور متعلقہ دستاویزات موجود نہیں تھیں۔
انفورسمنٹ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بعض ٹیکس دہندگان ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم میں رجسٹرڈ ہونے کے باوجود مال کی ترسیل ڈیجیٹل انوائس جاری کیے بغیر کر رہے تھے۔ متعلقہ قانونی دفعات کے تحت اشیاء کی نقل و حرکت سے قبل ٹیکس انوائس کا اجرا ضروری ہے، متعلقہ ٹیکس دہندگان کو ان کی قانونی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا اور ڈیجیٹل انوائسنگ کی ضروریات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
انفورسمنٹ اسکواڈز نے ایسے مال بردار کنسائنمنٹس کو روکا، واجب الادا ٹیکس کا حساب کیا اور ٹیکس کی ادائیگی یا ڈیجیٹل انوائس پیش کیے جانے کے بعد گاڑیوں کو روانگی کی اجازت دی گئی۔
کارروائی کے دوران یہ بات بھی ثابت ہوئی کہ سامان روکے جانے کے بعد ٹیکس قوانین پر جن طریقوں سے مکمل عمل کیا گیا، انہی قوانین پر سامان روانہ کرتے وقت بھی عمل درآمد کیا جا سکتا تھا۔
اس کارروائی کے بعد حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عادل احمد صدیقی اور حیدرآباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر ایس ایم جعفری نے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو، آر ٹی او حیدرآباد، سجاد اکبر خان سے ملاقات کی۔
انہوں نے ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم کے نفاذ کے لیے شفاف انداز میں کی جانے والی انفورسمنٹ کی کوششوں کو سراہا اور اس امر پر زور دیا کہ کاروباری برادری کو قانون کی نئی تقاضوں، بالخصوص سامان روانہ کرتے وقت ڈیجیٹل انوائس جاری کرنے کے طریقہ کار کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کا موقع دیا جائے۔
چیف کمشنر نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ کاروباری برادری کو ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم کے مکمل نفاذ کی جانب رہنمائی اور سہولت فراہم کی جائے گی۔
چیف کمشنر آر ٹی او حیدرآباد سجاد اکبر خان نے کہا کہ وہ مزید انفورسمنٹ کارروائی عارضی طور پر روکنے کے لیے آمادہ ہیں، بشرطیکہ چیمبر آف کامرس اور ٹیکس بار اس امر کی یقین دہانی کورائیں کہ وہ کاروباری برادری کی جانب سے فوری اور مؤثر رضاکارانہ عمل درآمد یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
یہ موقع ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے اور قانون پر عملدرآمد کو فروغ دینے کے جذبے کے تحت دیا گیا ہے، تاکہ کاروباری برادری کو رضاکارانہ طور پر قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مناسب موقع مل سکے۔
آر ٹی او حیدرآباد کا یہ اقدام ایک شفاف اور مکمل طور پر دستاویزی ٹیکس نظام کے فروغ، ٹیکس قوانین کے احترام اور کاروباری برادری کے ساتھ مؤثر تعاون کی کوششوں کا حصہ ہے۔