موٹرولا نے بھی فولڈ ایبل فون کام شروع کر دیا

موٹرولا کے نئے بک اسٹائل فولڈ ایبل فون کے حوالے سے کچھ مبینہ ڈیزائن اسکیچز منظرعام پر آئے ہیں

ایپل کے مبینہ فولڈ ایبل آئی فون میں وائیڈ اسکرین ایسپیکٹ ریشو کی اطلاعات کے بعد فولڈ ایبل اسمارٹ فون مارکیٹ میں ایک نیا رجحان تیزی سے مقبول ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ سام سنگ اور ہواوے کے بعد اب موٹرولا بھی اسی انداز کے وائیڈ فولڈ ایبل فون پر کام کر رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق موٹرولا کے نئے بک اسٹائل فولڈ ایبل فون کے حوالے سے کچھ مبینہ ڈیزائن اسکیچز منظرعام پر آئے ہیں، جن سے ڈیوائس کے مجموعی ڈیزائن کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ یہ اسکیچز بظاہر ہاتھ سے بنائے گئے ہیں اور ان میں فون کو کھولنے کے بعد نسبتاً وسیع ڈسپلے کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔

سامنے آنے والی تصاویر کے مطابق فون کے پچھلے حصے پر ایک ہوریزونٹل کیمرا بار موجود ہوگا، جس میں ممکنہ طور پر دو کیمرا لینز کے ساتھ فلیش یا کوئی اضافی سینسر شامل کیا جائے گا۔ کیمرا ماڈیول کا ڈیزائن گوگل پکسل فونز سے مشابہ دکھائی دیتا ہے جبکہ اس کا ایک مقصد فون کو میز پر رکھنے کی صورت میں ہلنے سے روکنا بھی ہو سکتا ہے۔

اندرونی ڈسپلے پر پنچ ہول سیلفی کیمرا بھی نظر آتا ہے۔ تاہم، فی الحال فون کے درست سائز، اسکرین کے ڈائمینشنز، ہارڈویئر، قیمت اور لانچ کی تاریخ کے بارے میں حتمی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

اگر موٹرولا واقعی اس ڈیوائس کو مارکیٹ میں لاتا ہے تو یہ سام سنگ اور ہواوے کے بعد وائیڈ فولڈ ایبل فونز کے شعبے میں ایک اہم اضافہ ہوگا جبکہ آنے والے عرصے میں ایپل کی ممکنہ انٹری اس کیٹیگری میں مقابلے کو مزید بڑھا سکتی ہے۔

Load Next Story