صومالیہ میں یرغمال پاکستانیوں کے اہل خانہ کے احتجاجی کیمپ پر پولیس کریک ڈاؤن، زیر حراست ملزمان رہا
صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ کی جانب سے پیاروں کی بازیابی کیلیے کراچی میں ہونے والے احتجاجی کیمپ پر پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو حراست میں لیا اور پھر تھوڑی دیر بعد رہا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر منسٹری آف فارن افیئر کے دفتر کے باہر پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی، جہاں پولیس نے دھرنے پر بیٹھے 11 مظاہرین بشمول کو حراست میں لیا جبکہ مظاہرین کا سامان اٹھا کر بھی پھینک دیا اور حراست میں لیے گئے مظاہرین کو ٹیپو سلطان تھانے منتقل کیا۔
واضح رہے کہ صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں اغوا کیے گئے پاکستانیوں کے اہل خانہ نے وزارت خارجہ کے کراچی دفتر کے باہر اتوار کی شب احتجاج کیا، جہاں مظاہرین نے اپنے پیاروں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ مغویوں کے اہل خانہ وزارت خارجہ کراچی کے دفتر کے باہر جمع ہوئے، جہاں مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم پرامن احتجاج کر رہے ہیں، ہمارے پاکستانی اغوا ہیں۔
مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک حکومت ان کے مطالبات نہیں مان لیتی، وہ احتجاج ختم نہیں کریں گے۔ اہل خانہ نے صومالیہ میں قید پاکستانیوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ دہرایا۔
بعد ازاں پولیس نے ھراست میں لیے گئے 11 مظاہرین کو رہا کردیا۔ پولیس کی جانب سے 6 مردوں اور 5 خواتین کو حراست میں لیا گیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران قبضے میں لیا گیا سامان بھی مظاہرین کے حوالے کردیا۔