کل بلاول نے خوش آمدید کہا، آج راستے بند کردیے گئے، سہیل آفریدی

کراچی ہمیشہ سے بہت مظلوم رہا ہے۔ ہر بندہ آتا ہے اور کراچی کو کھاتا ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

کراچی:

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ کل بلاول نے ٹوئٹ کرکے خوش آمدید کہا تھا اور آج رکاوٹیں لگا کر راستے بند کردیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ، پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ نے کراچی ٹول پلازہ پر پارٹی کارکنان سے خطاب کیا ، جہاں کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے شدید نعرے بازی کر کے قیادت سے اظہارِ یکجہتی کیا ۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارے راستے میں کنٹینرز لگائے گئے اور پولیس نے ناروا سلوک کیا۔ ہائی وے بند کی گئی لیکن حلیم عادل شیخ نے کمانڈو ایکشن کرکے ہمیں یہاں پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ کل بلاول بھٹو نے ٹوئٹ کر کے میرے لیے خوش آمدید کہا تھا لیکن آج راستے بند کر دیے گئے ہیں، کنٹینر لگائے گئے ہیں، ہمیں کچے سے آنا پڑا، ہم لوگ رانگ سائیڈ سے آئے اور وہ بھی بند کر دیے گئے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ کل جو ہمارے ساتھ رویہ رکھا گیا، اس کو منافقت کہتے ہیں۔ انہوں نے کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ہمیشہ سے بہت مظلوم رہا ہے۔ ہر بندہ آتا ہے اور کراچی کو کھاتا ہے۔ کراچی پر کبھی قاتلوں کو مسلط کیا گیا اور کبھی چوروں کو مسلط کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی 60 فیصد سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک وزیر اعظم آیا تھا جس کا نام تھا عمران خان۔ اس کو فکر تھی کراچی کی۔ انہوں نے کارکنان کو احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا کہ 27 تاریخ کو نکلنا ہے، اپنی تقدیر کو بدلنا ہے۔ کراچی کے ہر چوک کو ڈی چوک بنانا ہے۔ کراچی والوں پر بڑا امتحان آنے والا ہے۔ اگر آپ ان چوروں سے نجات چاہتے ہیں تو آپ کو عمران خان کو لانا ہوگا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ میں بھی آپ لوگوں کی طرح مڈل کلاس کا نوجوان ہوں۔ میں عمران خان کا رشتہ دار نہیں ہوں، پھر بھی میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہوں۔ آپ میں سے ہی کوئی وزیراعلیٰ بنے گا ۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمارے 135 کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے اور ہمارے لیڈر کو بھی گرفتار کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی نے پہلے بھی تحریک انصاف کا ساتھ دیا تھا اور آج بھی ساتھ ہے۔ حلیم عادل شیخ نے پولیس کی کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی گرفتاریوں کے باوجود کارکنان یہاں موجود ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزارِ قائد کے اطراف کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیے گئے ہیں ۔

پارٹی کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کا یہاں کھڑا ہونا ظلم کے نظام کے خلاف کھڑا ہونا ہے۔ 27 ستمبر آزادی کا دن ہے۔ اس ملک کو حقیقی آزادی دلائیں گے۔ عمران خان کو آزادی دلانی ہے۔ پورا سندھ آج ایک ہی نام لے رہا ہے عمران خان۔

سلمان اکرم راجہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جعلی حکومت ججز کے آرڈر کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ اس عدلیہ کو آزاد کرانا ہے۔ اس صحافت کو آزاد کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو دو خاندان پورے پاکستان پر مسلط ہیں، یہ دو خاندان صرف اپنے لوگوں کے ارد گرد گھومتے ہیں۔

Load Next Story