کراچی: جناح ٹرمینل کے رن ویز ایریا میں جدید سرویلنس سسٹم نصب، 24 گھنٹے نگرانی شروع
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے جناح ٹرمینل کے رن ویز ایریا میں جدید سرویلنس سسٹم نصب کر دیا ہے، جس کے ذریعے رن ویز اور اطراف کی 24 گھنٹے موثر نگرانی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
جدید کیمروں کی مدد سے طیاروں کی پارکنگ اور نقل و حرکت کو بھی مانیٹر کیا جا سکے گا، جبکہ نئے کیمرے رات کی تاریکی میں بھی رن ویز اور اطراف کی واضح نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جدید سرویلنس سسٹم سے رن ویز ایریا کی سیکیورٹی مزید موثر ہو جائے گی اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی بھی ممکن ہو سکے گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جناح ٹرمینل پر فضائی آپریشنز کی نگرانی میں بھی مزید بہتری آئے گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جدید سرویلنس سسٹم کی تنصیب ایئرپورٹ سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب اہم اقدام ہے۔