غلط ڈیٹا شیئر کرنے پر وزیر تعلیم سندھ کا سینیئر صحافی سے معافی مانگنے کا مطالبہ

سینیئر صحافی نے شعبہ تعلیم کے ڈیٹا اور فریال تالپور کے بیان کو لنک کیا تھا، سردار شاہ

کراچی:

سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے سینیئر صحافی کی جانب سے غلط ڈیٹا شیئر کرنے پر ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔

سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ دو روز قبل ملک کے مایہ ناز صحافی نے ایک سندھ کے محکمہ تعلیم کا غلط  ڈیٹا شیئر کیا، سندھ اسمبلی میں فریال تالپور نے وحدت سندھ کے حوالے سے بات کی تھی لیکن سینیئر صحافی نے شعبہ تعلیم کے ڈیٹا اور فریال تالپور کے بیان کو لنک کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دوسرا پہلو جذباتی بھی اور سیاسی بھی تھا، سندھ کے 6 کروڑ لوگوں نے مشترکہ و متفقہ آواز بلند کی، سینیئر صحافی اس بات پر معافی مانگیں، پروفیشنلزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کو سندھ کے لوگوں سے معذرت کرنی چاہیے تھی۔

سردار شاہ نے کہا کہ موجودہ تعلیمی مسائل کو صرف ایک صوبے یا ایک زاویے سے نہیں دیکھا جا سکتا، پاکستان میں تعلیمی نظام کو درپیش مسائل 1947 سے آج تک مختلف پیچیدگیوں کے ساتھ موجود رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2021-22 کی بھرتیوں کے بعد بڑی تعداد میں پڑھے لکھے اور کوالیفائیڈ افراد میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے ذریعے محکمۂ تعلیم کا حصہ بنے، تعلیم کے مسئلے کو صرف ایک صوبے تک محدود کرکے نہیں دیکھا جا سکتا بلکہ پورے پاکستان کے تعلیمی نظام کا جائزہ لینا چاہیئے۔

سردار شاہ نے کہا کہ یہ معاملہ صرف سندھ تک محدود نہیں ہے، اگر سندھ کے بچوں کے اسکول سے باہر ہونے کا مسئلہ نظر آتا ہے تو پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں کیوں نظر نہیں آتا، 97 ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے گئے ہیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب میں بھی ایک کروڑ سے زائد بچوں کے اسکول سے باہر ہونے کے اعداد و شمار سامنے آ چکے ہیں، راولپنڈی میں نویں جماعت کے 181 اسکولز کے بچے فیل ہوگئے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کم از کم ہم اتنا تقاضا کرتے ہیں کہ تعریف نہیں کر رہے اور تنقید بھی نہ کریں، نیشنل پالیسی کے اور بھی مسائل ہیں اس پر گفتگو کریں، صوبوں کی باتیں ہو رہی تھیں اس میں ٹیچرز کی باتیں کہاں سے آگئیں۔

متعلقہ

Load Next Story