اسٹیل مینوفیکچررز پر بجلی کے استعمال پر 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس عائد
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسٹیل مینوفیکچررز پر بجلی کے استعمال پر 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس نافذ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف بی آر نے سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 16 میں مزید ترمیم کردی جس کے بعد 5 اسٹیل مینوفیکچررز کو سیلز ٹیکس کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔
فہرست میں رشید اسٹیل، بٹالہ اسٹیل انڈسٹریز اور رائل اسٹیل، پلاٹینم اسٹیل مل اور کے بی ایس اسٹیل فرنس کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مذکورہ اسٹیل مینوفیکچررز کیلئے بجلی پر 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس لاگو ہوگا جبکہ پانچوں اسٹیل مینوفیکچررز کے تمام بجلی کنکشنز پر فوری اطلاق ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان کی اہلیت ایس آر او 1245 کے مقررہ معیار کے تحت طے کی گئی جبکہ اسٹیل مصنوعات کی تیاری میں اسکریپ اور بجلی کے استعمال کو اہلیت کے معیار میں شامل کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق مخصوص ایچ ایس کوڈز کے تحت اسکریپ کی درآمد بھی اہلیت کے معیار میں شامل کی گئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر ضرورت کے مطابق ٹیکس دہندگان کی فہرست میں نظرثانی کرسکے گا جبکہ متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی سفارش پر بھی فہرست میں تبدیلی ممکن ہوگی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ مینوفیکچرر کی اہلیت کا آزادانہ جائزہ لیا جاسکے گا جبکہ مشکلات کی صورت میں معاملہ متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کے نوٹس میں لایا جائے گا۔