پہلی ہی فلم سے ہٹ ہونے والے رومانوی ہیرو اب شادیوں میں رقص کرکے گزر بسر کرنے پر مجبور
فلم عاشقی 1990 میں ریلیز ہوئی جس کے ہیرو ہیروئن کیساتھ گلوکار کمار سانو کو بھی عالمی شہرت ملی تھی
بالی ووڈ انڈسٹری میں کم ہی ایسے اداکار ہوتے ہیں جنھیں پہلی فلم میں ایسی شاندار کامیابی مل جاتی ہے جو کسی اداکار کو پورے کیریئر میں بھی نہیں مل پاتی ایسے ہی ایک ہیرو کی کہانی زبان زد عام ہے۔
بالی ووڈ ایک جادو نگری ہے جس میں الگ الگ کردار کی مختلف کہانیوں نے زندگی کے عروج و زوال کی وہ تلخ حقائق بیان کردیے ہیں جس میں زندگی کے اسرار و رموز سیکھنے والوں کے لیے سبق ہے۔
اپنے زمانے کی بلاک بسٹر فلم عاشقی سے نوّے کی دہائی میں شہرت حاصل کرنے والے 58 سالہ اداکار نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی صحت، مالی مشکلات اور فلمی کیریئر دوبارہ بنانے کی کوششوں کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اداکار راہول رائے نے انکشاف کیا ہے کہ 2020 میں برین اسٹروک کے بعد ان کے لیے دوبارہ کام حاصل کرنا انتہائی مشکل ہوگیا تھا۔ اخراجات پورے کرنے کے لیے شادی کی تقریبات میں رقص بھی کیا جس سے 2 سے 4 لاکھ مل جایا کرتے تھے۔
راہول رائے نے بتایا کہ برین اسٹروک کے بعد گزشتہ تقریباً پانچ برس ان کی زندگی میں انتہائی مشکل رہے اور زیادہ تر وقت صحت یاب ہونے میں ہی گزر گیا۔
انھوں نے کہا کہ اگر یہ حادثہ پیش نہ آتا تو وہ گزشتہ برسوں میں بہت زیادہ کام کرسکتے تھے تاہم اب انہیں دوبارہ کام مل رہا ہے اور وہ مزید منصوبوں کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔
اداکار کے بقول کیمرے کے سامنے دوبارہ کھڑے ہونا ان کے لیے انتہائی خوشی کا لمحہ تھا اور وہ ان لوگوں کے شکر گزار ہیں جو اب بھی ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہیں۔
راہول رائے نے کہا کہ فلمی دنیا میں ان کا 37 سالہ سفر ہے اور انہیں یقین ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں اچھا کام کیا، اس لیے اب وہ دوبارہ زیادہ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
اداکار نے اپنی مالی مشکلات کی ایک وجہ ازدواجی زندگی کے خاتمے کو بھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلاق پر اثاثے اپنی سابق اہلیہ کو منتقل کردیئے تھے اور اب وہ اپنی مالی زندگی دوبارہ ترتیب دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ راہول رائے اور ان کے بھائی کے درمیان 30 لاکھ بھارتی روپے سے متعلق ایک قانونی معاملہ بھی چل رہا ہے جسے دونوں بھائی باہمی طور پر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اداکار راہول رائے نے مستقبل کے عزائم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی کو دوبارہ مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا چاہتے ہیں۔ میں 60 سال کا ہوں اور اپنی سلطنت قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
راہول رائے کون ہیں؟
راہول رائے نے 1990 میں ریلیز ہونے والی فلم عاشقی سے راتوں رات شہرت حاصل کی تھی۔ فلم میں ان کے ساتھ انو اگروال مرکزی کردار میں تھیں اور اس فلم کی موسیقی نے بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔
بعد میں انھوں نے جنون، پھر تیری کہانی یاد آئی سمیت متعدد فلموں میں کام کیا لیکن زیادہ تر فلمیں فلاپ ہوگئیں۔ وہ ٹیلی ویژن ریئلٹی شو بگ باس کے پہلے سیزن کے فاتح بھی رہ چکے ہیں۔
نومبر 2020 میں فلم کی شوٹنگ کے دوران راہول رائے کو برین اسٹروک ہوا تھا، جس کے بعد انہیں طویل عرصے تک علاج اور بحالی کے مرحلے سے گزرنا پڑا۔