لاہور: ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا حساس اور ذاتی ڈیٹا فروخت کرنے والے 2 ملزمان گرفتار
لاہور میں این سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے منی نادرا ویب سائٹ چلانے والے 2 ملزمان گرفتار کرلیے۔
این سی سی آئی اے لاہور نے منی نادرا ویب سائٹ چلانے والے دو ملزمان ارسلان اور علی رضا کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے تین ٹیرا بائٹ حساس ڈیٹا برآمد ہوا۔
لاہور میں ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا حساس اور ذاتی ڈیٹا غیر قانونی طور پر حاصل اور فروخت کرنے کا انکشاف ہوا، ملزمان کے قبضے سے سم کارڈ ملکیت و رجسٹریشن، سی ڈی آرز، سم ڈیٹا بیس اور شہریوں کی لوکیشن کا ڈیٹا برآمد کرلیا گیا۔
برآمد شدہ حساس ڈیٹا میں شہریوں کے فیملی ٹری اور مختلف سرکاری اداروں سے متعلق معلومات بھی شامل ہیں، منی نادرا‘‘ کے نام سے ویب سائٹ قائم کرکے نادرا سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا انکشاف ہوا۔
ملزمان حساس ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت اور ’’کھوجی‘‘ نامی پلیٹ فارم تک رسائی میں بھی ملوث رہے۔
ملزمان سے دو موبائل فونز بھی برآمد، تین ٹیرا بائٹ ڈیٹا کا فرانزک تجزیہ جاری ہے جب کہ مزید افراد کی گرفتاری متوقع ہے۔