وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کردیا

کسی بھی ہنگامی یا سکیورٹی صورتحال میں آئی جی اسلام آباد براہ راست صورتحال اور کنٹرول کرسکیں گے

اسلام آباد:

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔

نئے سینٹر سے آئی جی اسلام آباد اپنے دفتر سے سیف سٹی، پولیس آپریشنز اور شہر میں امن و امان کی صورتحال براہ راست مانیٹر اور کمانڈ کرسکیں گے۔

وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید سینٹر سے اسلام آباد پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ، کوآرڈینیشن اور فوری فیصلہ سازی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ سیف سٹی سمیت پولیس کے تمام اہم آپریشنل نظام ایک مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول پلیٹ فارم سے منسلک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی یا سکیورٹی صورتحال میں آئی جی اسلام آباد براہ راست صورتحال مانیٹر کرکے فوری احکامات جاری کرسکیں گے جب کہ جدید اے آئی اور ٹیکنالوجی بیسڈ سسٹمز سے پولیس کی کارکردگی، رسپانس ٹائم اور فیلڈ فورس کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جدید مانیٹرنگ و کمانڈ سسٹم کا جائزہ لیا۔ انہیں سیف سٹی سے مربوط نظام، پولیس آپریشنز، فیلڈ فورس کی مانیٹرنگ، ایمرجنسی رسپانس اور جدید اے آئی بیسڈ ٹیکنالوجی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ نئے سینٹر کا بنیادی مقصد آئی جی اسلام آباد کو ایک ہی مقام سے پوری اسلام آباد پولیس کی مؤثر کمانڈ اور مانیٹرنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ جدید نظام سے پولیس کے مختلف یونٹس کے درمیان رابطہ اور کوآرڈینیشن مزید بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی واقعے یا ہنگامی صورتحال میں بروقت معلومات، فوری فیصلہ سازی اور تیز رفتار پولیس رسپانس ممکن ہوگا۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے، جبکہ سینٹر سے فیلڈ میں پولیس کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی بھی ممکن ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ، پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور اسلام آباد میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

Load Next Story