اسپین میں بیلوں کی دوڑ کے دوران خوفناک حادثہ، سینگ لگنے سے 64 سالہ خاتون ہلاک
میڈرڈ: اسپین کے گاؤں اینا میں روایتی بیلوں کی دوڑ کے دوران ایک بیل کے سینگ لگنے سے 64 سالہ خاتون ہلاک ہوگئی۔
مقامی حکام کے مطابق خاتون لاس کیواس کے علاقے میں ایک رکاوٹ کے قریب موجود تھی اور بعد میں وہاں سے بھاگنے لگی، تاہم اسی دوران ایک بیل نے اس پر حملہ کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور طبی عملہ موقع پر پہنچ گیا اور خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ اسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
حکام کے مطابق اسی بیلوں کی دوڑ کے دوران ایک 60 سالہ شخص بھی سینگ لگنے سے بازو پر زخمی ہوا۔