وزیراعظم کا سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں پر اظہار مذمت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب میں شہری اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے بزدلانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، پاکستان خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس نوعیت کے بزدلانہ اور مذموم حملے نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ علاقائی امن و سلامتی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
شہباز شریف نے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔
حوثی حملوں سے یمن تنازع کے حل کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حوثی حملوں سے یمن تنازع کے پُرامن اور دیرپا حل کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے پاکستان حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق سعودی عرب کے حق دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کو اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کا جائز حق حاصل ہے، سعودی عرب کو اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے، سعودی عرب کو اپنے قومی اثاثوں کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کا حق حاصل ہے پاکستان خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔