تین ایپل آئی فونز کی رُونمائی متوقع، لانچنگ تقریب کل ہوگی

ان متوقع ڈیوائسز میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون شامل ہیں

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل میں 15 برس میں قیادت کی بڑی تبدیلی کے بعد کمپنی کل، 9 ستمبر کو اپنی نئی ڈیوائسز متعارف کرانے جا رہی ہے۔

ٹم کک (جو گزشتہ 15 برس سے ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) رہے) یکم ستمبر کو ایگزیکٹو چیئرمین کے عہدے پر منتقل ہو گئے جبکہ طویل عرصے سے ایپل کے ہارڈویئر شعبے سے وابستہ جان ٹرنَس نے نئے CEO کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

9 ستمبر کی تقریب جان ٹرنَس کی بطور CEO پہلی بڑی ایپل تقریب ہوگی۔ ٹم کک کی تقریب میں شرکت متوقع ہے لیکن ان کے اسٹیج پر آنے کا امکان نہیں۔

تجزیہ کاروں اور ایپل پر نظر رکھنے والے ماہرین کی توجہ صرف نئی مصنوعات پر نہیں بلکہ اس بات پر بھی ہوگی کہ نئی قیادت میں کمپنی کی سمت میں کیا تبدیلیاں آتی ہیں۔

نئے آئی فونز کی متوقع رونمائی

ایپل کا خصوصی ایونٹ بدھ، 9 ستمبر کو صبح 10 بجے امریکی وقت کے مطابق منعقد ہوگا۔

تقریب میں تین نئے آئی فونز پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ ان میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق فولڈ ایبل ماڈل کو ممکنہ طور پر الٹرا نام دیا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ ایپل کی جانب سے ایپل واچ کے دو نئے ماڈلز اور ایئر پوڈز بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اسٹنڈرڈ آئی فون 18 کی لانچ مبینہ طور پر 2027 کے دوسرے سہ ماہی تک مؤخر کی جا سکتی ہے، جس کے باعث اس بار پرو ماڈلز کو زیادہ نمایاں کیا جائے گا۔

پری آرڈر کی تاریخ میں تبدیلی کا امکان

ایپل عموماً ستمبر کے لانچ ایونٹ کے بعد آنے والے جمعے کو نئے آئی فونز کے پری آرڈرز شروع کرتا ہے۔ تاہم، اس سال یہ تاریخ 11 ستمبر ہے، جس کے باعث کمپنی معمول کے شیڈول میں تبدیلی کر سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پری آرڈرز جمعے کے بجائے ہفتہ، 12 ستمبر سے شروع کیے جا سکتے ہیں لیکن ایپل نے تاحال پری آرڈر کی تاریخ کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

18 ستمبر کو مارکیٹ میں آنے کا امکان

ایپل کے معمول کے لانچ شیڈول کے مطابق نئے آئی فونز کی صارفین کو فراہمی جمعہ، 18 ستمبر سے شروع ہونے کی توقع ہے۔

البتہ، فولڈ ایبل آئی فون کی لانچ ٹائم لائن ابھی غیر یقینی ہے۔ پیداواری مشکلات کی اطلاعات کے باعث اس کے پری آرڈر اور مارکیٹ میں دستیابی کی تاریخیں آئی فون 18 پرو اور پرو میکس سے مختلف ہو سکتی ہیں جبکہ اس کی لانچ ستمبر کے آخر یا اس کے بعد تک مؤخر ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

قیمت

ابھی تک آئی فون 18 کی قیمتوں کی کوئی حتمی تصدیق نہیں ہوئی۔ لیکن آئی فون 18 پرو میکس اپنے پیشرو ماڈل کے مقابلے میں خاصا مہنگا ہو سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق میموری کے پرزوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث امریکا میں پرومیکس کی قیمت میں 200 سے 300 ڈالر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ ایپل نے بھی عندیہ دیا ہے کہ پرزوں کی بڑھتی ہوئی لاگت قیمتوں پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔

موجودہ اندازوں کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس کی ابتدائی قیمت تقریباً 1399 سے 1499 امریکی ڈالر ہو سکتی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار سے 4 لاکھ 18 ہزار روپے بنتی ہے۔

زیادہ اسٹوریج والے ماڈلز کی قیمت 1999 سے 2099 امریکی ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے، جو تقریباً5 لاکھ 57 ہزار سے 5 لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے بنتی ہے۔

یہ تمام قیمتیں ماہرین کے اندازوں پر مبنی ہے، ایپل کی جانب سے حتمی طور پر تصدیق شدہ نہیں۔ امریکی قیمت کا باضابطہ اعلان ایپل کی جانب سے 9 ستمبر کے ایونٹ میں متوقع ہے۔

Load Next Story