کراچی، اورنگی ٹاؤن میں ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا، فائرنگ سے ہلاک
شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن 13 نمبر میں علی میڈیکل کے قریب ایک مبینہ ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا جسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اسی دوران ایک شہری کی فائرنگ سے وہ ہلاک ہوگیا۔
چھیپا حکام کے مطابق شہریوں نے مبینہ ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کیا تاہم اسی دوران ایک شہری نے مبینہ طور پر ڈاکو پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سینے میں دو گولیاں لگنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر اورنگی ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچ گئی تاہم پولیس کے پہنچنے سے قبل شہری وہاں سے فرار ہوگئے۔
چھیپا حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔