بھارت: طالبہ نے سونا چُرا کر بوائے فرینڈ کو بائیک دلائی، تحفہ ملتے ہی لڑکا فرار
بھارت میں محبت کا ایک عجیب و غریب واقعہ سامنے آیا جہاں 19 سالہ کالج طالبہ پر الزام ہے کہ اس نے اپنے بوائے فرینڈ کو مہنگی موٹر سائیکل تحفے میں دینے کیلئے دوست کے گھر سے سونے کے زیورات چوری کیے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کوئمبتور میں پیش آیا۔ بی کام کی طالبہ آر جوائے پرنسی اپنی دوست کے گھر گئی جہاں اس نے مبینہ طور پر 9 سوورن سونے کے زیورات چوری کیے۔
رپورٹس کے مطابق طالبہ نے زیورات فروخت کر کے حاصل ہونے والی تقریباً ڈھائی لاکھ بھارتی روپے کی رقم سے اپنے بوائے فرینڈ کیلئے موٹر سائیکل خریدی۔ چوری کا علم ہونے پر دوست کے والد نے پولیس سے رابطہ کیا۔
کہانی میں دلچسپ موڑ اس وقت آیا جب مہنگی بائیک ملنے کے بعد بوائے فرینڈ مبینہ طور پر فرار ہو گیا اور اب پولیس اس کی تلاش کر رہی ہے۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ چوری اور موٹر سائیکل کی خریداری سے متعلق مکمل حقائق سامنے آسکیں۔