فرانس کے میوزیم میں بڑی واردات، رینوائر کی نو ملین یورو مالیت کی 2 پینٹنگز چور لے اڑے
فرانس کے جنوبی شہر کانیے-سور-میر میں واقع رینوائر میوزیم میں نقب زنی کے دوران مشہور فرانسیسی مصور پئیر آگست رینوائر کی دو پینٹنگز چوری ہوگئیں، جبکہ چور دو دیگر فن پارے میوزیم کے باغ میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
میئر کے مطابق دو چور اچھی طرح تیاری کے ساتھ میوزیم میں داخل ہوئے اور دھاتی آری کی مدد سے پینٹنگز کے فریموں کو مضبوط رکھنے والے حصے کاٹے۔ میوزیم اور پولیس کے سائرن بجنے پر انہوں نے جلدی میں چار فن پارے اٹھائے، تاہم ان میں سے دو باغ میں چھوڑ گئے۔
چوری ہونے والی پینٹنگز میں ’’میڈم کولونا رومانو‘‘ اور کنویں کے قریب کھڑی ایک خاتون کی تصویر ’’ژون فام او پی‘‘ شامل ہیں۔ حکام کے مطابق چوری ہونے والے فن پاروں کی مجموعی مالیت تقریباً 9 ملین یورو بتائی گئی ہے۔
باغ سے ملنے والی دو پینٹنگز میں رینوائر کے بیٹے کلاڈ کی تصویر ’’کوکو لیزاں‘‘ اور ’’میڈم پشون‘‘ شامل ہیں۔
پولیس نے دونوں ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ یہ واقعہ فرانس میں حالیہ عرصے کے دوران عجائب گھروں میں ہونے والی فن پاروں کی چوری کے واقعات کے سلسلے کی ایک نئی کڑی قرار دیا جارہا ہے۔