سعودی عرب نے اردن پر ایرانی حملوں کو بلاجواز اور وحشیانہ قرار دے دیا

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ریاض نے اردن اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے

ریاض: سعودی عرب نے ایران کی جانب سے اردن پر جاری حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بلاجواز اور وحشیانہ قرار دیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ریاض نے اردن اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور ایرانی حملوں کے جواب میں اردن کی جانب سے کیے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

سعودی عرب نے ایران سے اردن اور خطے کے دیگر ممالک پر حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی کم کرنا اور سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں ضروری ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے دوران اردن سمیت خطے کے متعدد ممالک ایرانی میزائل حملوں کی زد میں آچکے ہیں۔ اردن نے حالیہ ایرانی میزائل حملوں میں بڑی تعداد کو فضا میں روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سعودی عرب اس سے قبل بھی اردن اور دیگر خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرچکا ہے۔

Load Next Story