بھارت میں خوفناک حادثہ؛ لوہے کی سلاخیں بس کو چیر کر ڈرائیور کے سینے میں پیوست ہوگئیں

تصادم اتنا شدید تھا کہ ڈرائیور موقع پر دم توڑ گیا جب کہ 10 مسافر شدید زخمی ہیں جن میں سے 8 کی حالت نازک ہے

بھارت میں خوفناک حادثہ، لوہے کی سلاخیں بس میں گھس گئیں، ڈرائیور ہلاک

بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ 10 مسافر شدید زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ ریاست کرناٹک کے ضلع منڈیا میں پیش آیا تھا جہاں کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس آگے جانے والے ایک ٹریکٹر سے ٹکرا گئی جس پر لوہے کی سلاخیں رکھی ہوئی تھیں۔

پولیس نے بتایا کہ جیسے ہی تیز رفتار بس ٹریکٹر سے ٹکرائی اس پر لدی لوہے کی سلاخیں زور دار جھٹکے سے بس کی ونڈ اسکرین کو توڑتے ہوئے اندر داخل ہوئیں اور ڈرائیور کے سینے میں پیوست ہوگئیں۔

تصادم اتنا خوفناک تھا کہ بس کی ونڈ اسکرین کرچی کرچی ہوگئی جب کہ ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جب کہ دس مسافروں کو بھی شدید چوٹیں آئی ہیں جن میں سے 8 کی حالت نازک ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ابتدائی طور پر لگا ہے کہ حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا تاہم ٹریکٹر پر لوہے کی سلاخوں کو رکھنے میں احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئی تھیں۔

ٹریکٹر ٹرالی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے جب کہ ڈرائیور سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جب کہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے گئے ہیں۔

 

Load Next Story