ایپل نے آئی فون 18 پرو سیریز لانچ کر دی

ان فلیگ شِپ ڈیوائسز کو کمپنی کی جانب سے آئی فون کی تاریخ کا جدید ترین پرو کیمرا سسٹم قرار دیا ہے

(تصویر: ایپل)

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی نئی پرو سیریز کے تحت آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس لانچ کر دیے ہیں۔ ان فلیگ شِپ ڈیوائسز کو کمپنی کی جانب سے آئی فون کی تاریخ کا جدید ترین پرو کیمرا سسٹم قرار دیا ہے۔

ایپل ویب سائٹ کے مطابق نئے ماڈلز میں 48 میگا پکسل فیوژن مین کیمرا دیا گیا ہے، جس میں پہلی بار ویری ایبل اپرچر شامل کی گئی ہے۔ اس کے ذریعے صارفین روشنی اور فوکس پر زیادہ تخلیقی کنٹرول حاصل کرسکیں گے۔ کیمرا ایپ میں نئے پرو کنٹرولز بھی شامل کیے گئے ہیں۔

کارکردگی کے لیے اے 20 پرو چِپ اور نئی جنریشن کا ویپر چیمبر ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جو کمپنی کے مطابق آئی فون کی تاریخ کی سب سے زیادہ مسلسل کارکردگی فراہم کرتی ہے۔

آئی فون 18 پرو میکس میں بیٹری لائف میں بھی اب تک کا سب سے بڑا اضافہ کیا گیا ہے جس میں بڑی بیٹری اور ایپل سِلیکون میں بہتری بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

دونوں فونز میں مزید چھوٹا اور زیادہ کارآمد ڈائنامک آئی لینڈ، آئی او ایس 27، ایپل انٹیلی جنس اور اے آئی سے لیس سِری بھی شامل ہیں۔

نئے آئی فونز چار رنگوں بلیک، سِلور، گلیشیئر اور نئے برگنڈی میں دستیاب ہوں گے۔

ایپل کے مطابق پری آرڈرز 12 ستمبر سے شروع ہوں گے جبکہ صارفین کو فونز 18 ستمبر سے ملنا شروع ہوجائیں گے۔

کمپنی کے مطابق آئی فون 18 پرو میں چاروں شعبوں یعنی کیمرا، کارکردگی، بیٹری اور مصنوعی ذہانت میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔

Load Next Story