تنازع فلسطین پر کمزور فریق کیساتھ کھڑے ہیں، جنھیں اسرائیل بیدخل کررہا ہے؛ برطانیہ

برطانیہ نے گزشتہ روز اسرائیل کی یہودی بستیوں سے درآمدات اشیا پر بھی پابندی عائد کردی 

برطانیہ نے گزشتہ روز اسرائیل کی یہودی بستیوں سے درآمدات اشیا پر بھی پابندی عائد کردی۔

برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے تنازع کے دو ریاستی حل کی حمایت محض بیانات تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ اسے عملی اقدامات کے ذریعے ثابت کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار برطانوی وزیراعظم نے اپنے ارکان پارلیمنٹ کے ایک وفد سے گفتگو میں کیا اور اس بات پر زر دیا کہ کرتے ہوئے برطانیہ کو ناانصافی کے مقابلے میں انصاف کا ساتھ دینا ہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ برطانیہ ہمیشہ کمزور فریق کے ساتھ کھڑا ہوگا اور ان مظلوموں کی مدد کے لیے جو عملی اقدام کرسکتے ہیں وہ کریں گے۔ جنھیں ان کے گھروں سے نکالا جا رہا ہو اور انہیں دھمکایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی یہود آبادکاروں کی بستیوں سے تیار ہونے والی تمام اشیا کی درآمد پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی یہودی بستیوں کی توسیع سے متعلق تعمیرات، بنیادی ڈھانچے، مالی معاونت اور جائیداد کے کاروبار میں ملوث اداروں، کمپنیوں اور افراد کے خلاف بھی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

برطانوی حکومت کے مطابق یہ اقدام مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع اور فلسطینیوں کے خلاف آبادکاروں کے تشدد کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

 

جس پر اسرائیل نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کئی جوابی اقدامات کا اعلان کیا تھا جن میں یروشلم میں برطانوی قونصل خانے کو بند کرنا اور 12 برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے اسرائیل میں داخلے پر پابندی شامل ہیں۔

برطانیہ اکیلا نہیں 12 ممالک یہودی بستیوں کے خلاف ہیں

برطانیہ کا فیصلہ تنہا اقدام نہیں بلکہ فرانس، کینیڈا، ڈنمارک، اسپین، فن لینڈ، آئرلینڈ، آئس لینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال اور سویڈن سمیت 12 ممالک نے اسرائیلی بستیوں کی توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اس معاملے میں امریکا نے برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کا ساتھ دینے سے گریز کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ واشنگٹن اسرائیلی بستیوں سے آنے والی درآمدات پر برطانیہ کی طرز کی پابندیاں عائد نہیں کرے گا۔

امریکی سفیر برائے اسرائیل مائیک ہکابی نے برطانوی پابندیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ امریکی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ مغربی کنارے میں ایسے اقدامات خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرسکتے ہیں۔
 

Load Next Story