ایران امریکا کشیدگی اور برطانوی فلائٹ سسٹم  میں خرابی؛ پاکستان سے 45 پروازیں منسوخ

درجنوں پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار، مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا

فوٹو: فائل

ایران امریکا کشیدگی اور برطانیہ کے ایئر ٹریفک سروسز و ریڈار سسٹم میں خرابی کے باعث پاکستان سے مشرقی وسطیٰ، یورپ، امریکا، کینیڈا سمیت دیگر ممالک کا فضائی آپریشن متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں 45 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

ایئرپورٹ فلائٹ انفارمیشن ذرائع کے مطابق منسوخ ہونے والی پروازوں میں ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازیں شامل ہیں۔ پروازیں منسوخ ہونے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ درجنوں پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایران امریکا کشیدگی اور برطانیہ کے فلائٹ سسٹم میں خرابی کے باعث پروازیں منسوخ ہوئیں۔ یورپ اور مشرقی وسطیٰ جانے والے مسافروں کو ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پروازوں کی مکمل معلومات لے کر آنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

گزشتہ 3 روز سے برطانیہ کے فلائٹ آپریشن سسٹم میں خرابی نے بھی مسافروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، جبکہ رہی سہی کسر ایران امریکا کشیدگی نے پوری کردی اور بحال ہونے والے فضائی آپریشن کو ایک بار پھر معطل کرکے رکھ دیا۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 14 پروازیں، اسلام آباد ایئرپورٹ سے 8، کراچی ایئرپورٹ سے 16، ملتان ایئرپورٹ سے 4، کوئٹہ ایئرپورٹ سے 3 جبکہ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

براستہ ترکی، قطر، دبئی، بحرین، جدہ اور ریاض جانے اور آنے والی درجنوں پروازیں 3 سے 5 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

Load Next Story