یہی بچا ہے یہ میرے منہ سے زبان کھینچ لیں‘، صحافی بلال غوری کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے صحافی اور ویلاگر بلال غوری کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کردی۔
صحافی بلال عوری کو 3 دن کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کردیا گیا، جویڈشنل مجسٹریٹ ملک امان نے کیس پر سماعت کی۔
این سی سی آئی اے کیجانب سے مزید 6 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، وکیل عمران شفیق نے کہا کہ ریکوری یہ بتا چکے کہ ہو چکی ہے، اب ان کو مزید کس چیز کا ریمانڈ چاہئے؟ جب موبائل اور لیپ ٹاپ آپ نے قبضے میں لے لیا اور سوشل میڈیا اکاونٹ بھی ان کے پاس ہیں۔
وکیل عمران شفیق نے مؤقف اپنایا کہ پہلے یہ ثابت کریں کہ یہ اسٹیٹمنٹ غلط کیسے ہے؟ وکیل عمران شفیق نے جج سے مکالمہ کیا کہ غلط اسٹیٹمنٹ کیسے ہے آپ نے ان سے سوال ہی نہیں کیا۔
بلال غوری نے کہا کہ میرے سارے اکاونٹ اور میرے موبائل اور لیپ ٹاپ ان کے پاس ہے، تفتیشی افسر نے مؤقف اپنایا کہ ان کے اکاؤنٹ پر ڈبل ویریفکیشن لگی ہے، لاگ ان میں دشواری ہے، بلال غوری نے کہا کہ اب یہی بچا ہے کہ یہ میرے منہ سے زبان کھینچ لیں۔
فریقین کا مؤقف سننے کے بعد عدالت نے بلال غوری کے مزید جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا، بعد ازاں عدالت نے بلال غوری کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنایا اور بلال غوری کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کردی۔
عدالت نے بلال غوری کو دوبارہ 12 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔