ڈریسنگ رومز لیکس پررضوان اور امام کی این سی سی آئی اے میں پیشی، جواب کیلیے مہلت مانگ لی
ڈریسنگ رومز لیکس کے معاملے پر محمد رضوان اور امام الحق وفاقی تحقیقاتی ادارے (این سی سی آئی اے) میں پیش ہوگئے اور تفصیلی جواب جمع کرانے کیلیے مہلت مانگ لی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق این سی سی آئی اے کی جانب سے طلبی کے نوٹس پر محمد رضوان اور امام الحق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے دفتر میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری کا عمل مکمل کروایا۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے حکام نے دونوں کھلاڑیوں کے موبائل تحویل میں لے لیے ہیں جنہیں ان لاک کروا کے ان کا تجزیہ کیا جائے گا اور پھر اگلے مرحلے میں تکنیکی جائزے و فارنزک کیلیے بھیجا جائے گا اور پھر تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔
این سی سی آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمارا دائرہ کار صرف ڈیجیٹل تفتیش تک ہے جبکہ کوئی بھی ایکشن یا سزا کا اختیار پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس ہے جبکہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ڈیجیٹل فٹ پرنٹ پر کام کر کے رپورٹ مرتب کرے گی۔
کرکٹر امام الحق اور رضوان نے این سی سی آئی اے کو جواب دینے کیلئے وقت مانگ لیا۔۔!!#ExpressNews #BreakingNews #LatestNews #cricket #sports pic.twitter.com/AdKYQ0QceM
— Express News (@ExpressNewsPK) September 10, 2026
دونوں کھلاڑی نے تفصیلی اور تحریری جواب کیلیے این سی سی آئی اے سے مہلت مانگتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وکلا کے ہمراہ جواب جمع کرائیں گے۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے کرکٹرز کے موبائل رکھ کر انہیں متعلقہ ادارے کو بھی دیا تھا جبکہ امام الحق اور محمد رضوان کے علاوہ ایک اور کرکٹر کو بھی این سی سی آئی اے نے نوٹس بھیجا ہے۔