کراچی: نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیس کے مخبر کو قتل کردیا
ابراہیم حیدری الیاس گوٹھ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا ، مقتول پولیس کا مخبر تھا ، مقتول کو ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا یا ذاتی رنجش یا دشمنی پر قتل کیا گیا تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح ابراہیم حیدری تھانے کے علاقے الیاس گوٹھ راشد اسکول کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نےفائرنگ کرکےایک شخص کوشدید زخمی کردیااورموقعپرسے فرارہوگئے شدید زخمی شخص کوجناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ شدید زخمی شخص زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔
مقتول کی شناخت 52 سالہ لعل شیر ولد محمد رمضان جویا کے نام سے کی گئی ،مقتول الیاس گوٹھ کا رہائشی تھا اوراس کا آبائی تعلق ساہیوال سے تھا، مقتول2 بچوں کا باپ تھا اورپولیس کا مخبرتھا۔
ایس ایس پی ملیرعبدالخالق پیرزادہ کے مطابق مقتول اپنی نئی موٹرسائیکل پر گھاس لیکرگھرکی جانب واپس آ رہا تھا کہ گھر سے دوگلیاں چھوڑکرہی 2نامعلوم مسلح ملزمان نے مقتول پرفائرنگ کی اور فرارہوگئے۔
انھوں نے بتایا کہ مقتول کوایک گولی گھٹنے کے عقبی جانب لگی ، مرکزی شریان کو نقصان پہنچا جس کے باعث خون زیادہ بہہ سے مقتول کی موت واقع ہوگئی۔
انھوں نے بتایا کہ مقتول کے پاس سے اس کا موبائل فون، موٹرسائیکل اوردیگرسامان ملا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مقتول سے لوٹ مار نہیں ہوئی۔
انھوں نے بتایاکہ مقتول کو ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا یا ذاتی رنجش کا دشمنی پر قتل کیا گیا یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا،پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔