پیٹرولیم لیوی میں کمی کیلئے جماعت اسلامی اور حکومت ٹیم کے درمیان مذاکرات جاری

جماعت اسلامی نے چھ تجاویز حکومتی ٹیم کو پیش کی تھیں، حکومت آج جماعت اسلامی کی تجاویز کا جواب دے گی

اسلام آباد:

جماعت اسلامی کا وفد حکومت سے مذاکرات کے لیے پنجاب ہاؤس پہنچا جہاں پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات جاری ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی قیادت میں جماعت اسلامی کا وفد حکومتی ٹیم سے مذاکرات کےلیے پہنچا، جماعت اسلامی کے وفد میں سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ اور نوید علی بیگ شامل ہیں۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کر رہے ہیں، ان کے ساتھ رانا ثناءاللہ خان، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی شامل ہیں۔

یہ مذاکرات کا دوسرا مرحلہ ہے، پہلے مرحلے میں جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے چھ تجاویز حکومتی ٹیم کو پیش کی تھیں، حکومت آج جماعت اسلامی کی تجاویز کا جواب دے گی۔

دریں اثنا جماعت اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ مذاکرات کے باوجود دھرنے جاری رہیں گے۔

Load Next Story