ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون ’ڈو‘ متعارف، اہم فیچرز اور قیمت کیا ہے؟

نئے فولڈ ایبل آئی فون کا ڈیزائن کھولنے پر تقریباً آئی پیڈ جیسا محسوس ہوتا ہے

ایپل نے آئی فون کی تاریخ میں ایک بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اپنا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون ’آئی فون ڈو‘ متعارف کرادیا ہے۔ کمپنی نے 9 ستمبر کی رات منعقد ہونے والے ایونٹ میں اس نئے فون کے ساتھ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس بھی پیش کیے۔

نئے فولڈ ایبل آئی فون کا ڈیزائن کھولنے پر تقریباً آئی پیڈ جیسا محسوس ہوتا ہے اور فون پاسپورٹ کی طرح درمیان سے کھل کر بڑی اسکرین فراہم کرتا ہے۔ ایپل کے نئے چیف ایگزیکٹو جان ٹرنس نے تقریب سے خطاب میں اسے نئے ڈیزائن کا آئی فون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں وہ تمام خصوصیات موجود ہیں جنہیں صارفین آئی فون میں پسند کرتے ہیں۔

جان ٹرنس کے مطابق ایپل نے کئی برس فولڈ ایبل ڈیزائن کو بہتر بنانے پر کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض دیگر کمپنیوں کے فولڈ ایبل فون دو فونز کو جوڑنے جیسے محسوس ہوتے ہیں اور ان کا استعمال اتنا بہتر تجربہ فراہم نہیں کرتا۔ ایپل کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ آئی فون ڈو فولڈ ایبل فون کے استعمال کا تجربہ تبدیل کردے گا۔

فون میں ایپل کا نیا A20 Pro چپ سیٹ دیا گیا ہے جبکہ یہ iOS 27 آپریٹنگ سسٹم پر چلتا ہے۔ بند حالت میں اس کی بیرونی اسکرین 5.4 انچ کی ہے، جسے کھولنے پر 7.6 انچ کا ڈسپلے دستیاب ہوجاتا ہے۔

آئی فون ڈو میں 12 جی بی ریم، 12 میگا پکسل فرنٹ کیمرا اور انڈر ڈسپلے کیمرا بھی شامل ہے۔ اس کے مرکزی کیمرا سسٹم میں 48 میگا پکسل کا مین کیمرا اور 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا دیا گیا ہے۔

فون کو 5800 ایم اے ایچ بیٹری سے لیس کیا گیا ہے جبکہ فنگر پرنٹ سینسر فون کے سائیڈ پر موجود ہے۔ کمپنی کے مطابق اس فولڈ ایبل آئی فون کی ابتدائی قیمت 1999 ڈالر ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 5 لاکھ 54 ہزار روپے سے زیادہ بنتی ہے۔ فون 23 اکتوبر سے مختلف ممالک میں صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

ایپل نے اسی ایونٹ میں آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس بھی متعارف کرائے۔ دونوں ماڈلز میں نئے مصنوعی ذہانت کے فیچرز شامل کیے گئے ہیں جبکہ کمپنی نے بیٹری کارکردگی بہتر بنانے پر بھی توجہ دی ہے۔

کمپنی کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس کی بیٹری لائف 45 گھنٹے جبکہ آئی فون 18 پرو کی بیٹری لائف 36 گھنٹے تک ہوگی۔ نئے آئی فونز کے علاوہ ایپل نے ائیر پوڈز ہیڈ فونز، ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا 4 بھی متعارف کرائیں۔
 

Load Next Story