گوجرانوالہ جلسے میں اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ دیں گے، حافظ نعیم الرحمان

جماعت اسلامی کی ملک بھر سے قیادت کو ہنگامی مشاورت کے لیے منصورہ طلب کرلیا گیا ہے، امیر جماعت اسلامی

فوٹو: فیس بک

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آج (11 ستمبر) کو گوجرانوالہ جلسے میں اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ دینے کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے قیادت کو ہنگامی مشاورت کے لیے لاہور طلب کرلیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر جاری دھرنا کے 26 ویں روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج (11 ستمبر) گوجرانوالہ جلسہ میں اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ دینے کا اعلان کیا ہے اور اس ضمن میں اہم اور ہنگامی مشاورت کے لیے جماعت اسلامی کی پورے ملک سے قیادت کو منصورہ میں طلب بھی کرلیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت جان لے کہ عوام اسلام آباد کی جانب نکل پڑے تو حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے لہٰذا حکمران ہوش کے ناخن لیں عوام سے بھتہ وصول کرنے کے بجائے اپنی عیاشیاں بند کریں۔

انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے حکمران ملک کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں، مریم نواز نے پنجاب میں تعلیم، صحت اور زراعت کو تباہ کردیا، 11 ہزار اسکول فروخت کردیے گئے، صوبے میں سرکاری اسکولوں کے نویں جماعت کے نتائج میں 52 فیصد طالب علم فیل ہوگئے، قوم کے اثاثے بیچ کر مریم نواز اپنے والد کے نام پر چند اسکول بنا رہی ہیں، اس سے قبل چچا نے بھی دانش اسکولوں کا ڈراما رچایا۔

حکومت پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کی زراعت کی شرح نمو 6 فیصد سے کم ہوکر اعشاریہ 5 فیصد پر آگئی، کپاس تباہ ہوگئی، ٹریکٹر او کسان کارڈ جیسے نمائشی اقدامات جاری ہیں، جب کہ کھادیں اور بیج چھوٹے کسان کی پہنچ سے دور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو خطرہ محسوس ہوتا ہے تو پنجابی کارڈ کھیلنا شروع کر دیتی ہے، سندھ میں یہی کام پیپلز پارٹی کرتی ہے اور لسانی تعصبات کو ہوا دینا شروع کر دیتی ہے، یہ پورا نظام ہی فرسودہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جماعت اسلامی کے کارکنوں کی ثابت قدمی اور جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج ذرائع ابلاغ پر پیٹرولیم لیوی کی بحث مرکزی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔

اسلام آباد میں جماعت اسلامی اور حکومتی وفود کے درمیان مذاکرات اور حکومت کی مزید مہلت کی درخواست کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں پر واضح کیا کہ پیٹرولیم لیوی پر عوام نے انہیں پہلے ہی 26 روز کی مہلت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سیاست کا رخ بدل دیا ہے اور ثابت کردیا ہے کہ سیاست عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا نام ہے تاہم انہوں نے شکایت کی کہ جماعت اسلامی کے علاوہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے مسلسل عوامی مسائل کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ حکومت ہماری پرامن جدو جہد کو کمزوری نہ سمجھے، جماعت اسلامی کے کارکنان اور نوجوان پوری طرح تیار ہیں اور صرف قیادت کی ہدایات کے منتظر ہیں یہ نوجوان بہت کچھ کرسکتے ہیں۔

Load Next Story