لاہور؛ جائیداد کے تنازع پر 80 سالہ باپ کو قتل کرنے والا سفاک بیٹا بیوی سمیت گرفتار

فرار ملزمان کو پیشہ وارانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ایس پی انویسٹی گیشن

لاہور:

گجر پورہ کے علاقے میں جائیداد کے تنازع پر 80 سالہ باپ کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے سفاک بیٹے اور اس کی بیوی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے بزرگ شہری کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔

انچارج انویسٹی گیشن تھانہ گجر پورہ ممتاز حسین نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق مقتول محمد عظیم کو اس کے سگے بیٹے نے جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کرکے قتل کیا، جس کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تھے۔

ایس پی انویسٹی گیشن سول لائن غلام دستگیر کے مطابق ملزمان کو پیشہ وارانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ ملزمان اب قانون کی گرفت میں ہیں اور ان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

ایس ایس پی محمد نوید نے بہترین کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا ہے۔

Load Next Story