ایران جنگ مدتِ صدارت کے اختتام تک جاری رہنے کا کوئی امکان نہیں، ٹرمپ کا بڑا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے ان کی موجودہ مدتِ صدارت کے اختتام تک جاری رہنے کا کوئی امکان نہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے ایران جنگ کے مستقبل کے حوالے سے اپنے مؤقف میں کہا کہ یہ تنازع اتنا طویل نہیں ہوگا کہ ان کی مدتِ صدارت کے اختتام تک جاری رہے۔
ٹرمپ اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ جنگ نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد ختم ہوجائے گی۔
تاہم ٹرمپ کے اس پُراعتماد مؤقف کے برعکس وائٹ ہاؤس کے بعض اعلیٰ حکام نے نجی طور پر جنگ کے طویل ہونے کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت اعلیٰ حکام نے ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ ایران امریکی دباؤ کے خلاف مزاحمت جاری رکھ سکتا ہے اور تنازع ان کی مدتِ صدارت کے اختتام تک بھی کھنچ سکتا ہے۔
ٹرمپ نے دوسری جانب کہا ہے کہ ایران زیادہ دیر تک امریکی دباؤ برداشت نہیں کرسکے گا۔ ان کے مطابق جنگ کا بنیادی مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
ایران جنگ کے باعث مشرق وسطیٰ میں فوجی کشیدگی کے ساتھ عالمی توانائی کی منڈی بھی شدید دباؤ میں ہے۔ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر ہونے اور خطے میں حملوں کے باعث تیل کی قیمتیں حالیہ دنوں میں 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرچکی ہیں۔
"Is it possible that the Iran war will last the rest of your term?"@POTUS: "No. There's not even a chance of that." pic.twitter.com/rVRsPGauXh
— Rapid Response 47 (@RapidResponse47) September 11, 2026
یوں ٹرمپ کے جنگ جلد ختم ہونے کے دعوے اور امریکی حکام کی جانب سے طویل تنازع کے خدشات کے درمیان واضح تضاد سامنے آرہا ہے۔