ڈنمارک کے ویزے کا جھانسہ؛ لاکھوں روپے لوٹنے والا انسانی اسمگلر گرفتار
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث مطلوب ملزم ابراہیم خان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم سال 2025 کے مقدمہ نمبر 290 میں مطلوب تھا۔
مقدمے کے مطابق ملزمان نے ڈنمارک کے ایمپلائمنٹ ویزے فراہم کرنے کے نام پر متاثرین سے فی کس 22 لاکھ روپے وصول کرنا تھے، جبکہ بیشتر رقم پہلے ہی ادا کی جا چکی تھی۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران آئی بی ایم ایس (IBMS) سسٹم میں موجود اسٹاپ لسٹ میں ہٹ ہونے پر اسے گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کے کردار کے تعین کے لیے تفتیش جاری ہے۔