سوات میں بیٹے نے باپ کو قتل کرکے خودکشی کرلی
سوات کی تحصیل کبل بازار میں زبانی تکرار پر بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ کو قتل کردیا، بعد ازاں خود پر بھی فائرنگ کرکے زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز تحصیل کبل میں بخت کرم ولد آمیر ہاشم اور اس کے بیٹے عدنان کے درمیان معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد عدنان نے مبینہ طور پر پستول سے فائرنگ کرکے اپنے والد بخت کرم کو شدید زخمی کردیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے فوراً بعد عدنان نے بھی مبینہ طور پر خود پر فائرنگ کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ مقامی افراد کے مطابق عدنان مبینہ طور پر نشے کا عادی تھا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
ایک ہی گھر سے باپ اور بیٹے کے جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشک بار ہوگئی۔