پی سی بی کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں کوکابورا گیند واپس لانے کا فیصلہ

پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں موسم اور پچز فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 کے ڈومیسٹک سیزن سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک بار پھر کوکابورا گیند استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد قائد اعظم ٹرافی اور پریذیڈنٹ ٹرافی میں گزشتہ دو سیزنز سے استعمال ہونے والی ڈیوکس گیند کا دور ختم ہوجائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کا ماننا ہے کہ کوکابورا گیند کی واپسی سے ڈومیسٹک اور ٹیسٹ کرکٹ کے درمیان موجود فرق کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ڈیوکس گیند کی نمایاں اور سخت سیون کے باعث فاسٹ بولرز کو زیادہ دیر تک سوئنگ اور سیم موومنٹ ملتی رہی جس سے کئی میچز میں بولرز کو واضح برتری حاصل رہی۔

نئے سیزن میں زیادہ تر فرسٹ کلاس میچز پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں ہوں گے، جہاں موسم اور پچز پہلے ہی فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار ہیں۔

پی سی بی کو امید ہے کہ کوکابورا گیند سے بیٹنگ اور بولنگ کے درمیان بہتر توازن قائم ہوگا جبکہ اسپنرز کو بھی زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔

پاکستان میں کوکابورا گیند آخری بار 2023-24 سیزن تک استعمال ہوئی تھی۔

Load Next Story