گلوکارہ آئمہ بیگ اور زین احمد کی علیحدگی؟ ’سنگل‘ ہونے کا اشارہ
پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے معروف فیشن برانڈ کے سی ای او زین احمد کے ساتھ اپنے تعلق کی صورتحال واضح کردی ہے۔ گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک حالیہ پوسٹ کے ذریعے خود کو ’سنگل‘ ظاہر کرتے ہوئے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی۔
آئمہ بیگ اور زین احمد نے گزشتہ برس اگست میں کینیڈا میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی تھی۔ شادی کی تصاویر بھی آئمہ نے مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں، جن پر جوڑے کو سوشل میڈیا پر خاصی پذیرائی ملی تھی۔
زین احمد کا تعلق ایک معروف خاندان سے ہے اور ان کے دادا مرزا غلام احمد تاریخ میں ایک نمایاں شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ شادی سے قبل آئمہ اور زین ایک دوسرے کو ڈیٹ بھی کرتے رہے اور دونوں نے اپنے تعلق کا اظہار کھلے عام کیا تھا۔
تاہم کچھ عرصے سے ان کے درمیان مبینہ اختلافات اور ازدواجی زندگی میں کشیدگی کی قیاس آرائیاں سامنے آرہی تھیں۔ آئمہ کی جانب سے مشکل وقت میں تنہا رہنے سے متعلق اشاروں اور چہرے پر چوٹ کی ایک تصویر شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں نے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا اور بعض نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ شاید گلوکارہ کو تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب زین احمد کی طرف سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔