پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ عالمی حالات نہیں بلکہ حکومتی نااہلی ہے، شاہد آفریدی
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ملک میں مسلسل بڑھتی ہوئی پیٹرول کی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صرف عالمی حالات کا نتیجہ نہیں بلکہ حکومتی نااہلی بھی اس کی ایک بڑی وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ٹیکس وصولی کے مقررہ اہداف پورے نہیں ہوتے تو اس کا سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا جاتا ہے اور پیٹرول پر بھاری ٹیکس لگا کر رقم وصول کی جاتی ہے۔
یٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صرف عالمی حالات کا نتیجہ نہیں، بلکہ حکومتی نااہلی بھی اس کی بڑی وجہ ہے۔ جب ٹیکس کلیکشن کے اہداف پورے نہیں ہوتے تو سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا جاتا ہے اور پیٹرول پر بھاری ٹیکس لگا کر رقم نکال لی جاتی ہے۔مہنگائی نے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی…
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) September 12, 2026
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں کیونکہ لوگ پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے 13 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 25 روپے سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے۔