بھارتی کرکٹر نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 131 سال پرانا منفرد ریکارڈ برابر کردیا

مانَو سُتھار نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں واروکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے گلیمورگن کے خلاف پورے میچ میں 15 گیندیں کرائیں

مانَو سُتھار نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں واروکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے گلیمورگن کے خلاف پورے میچ میں صرف 15 گیندیں کرائیں، ایک بھی رن نہیں دیا اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حیران کن طور پر ان کی تینوں وکٹیں کلین بولڈ تھیں۔

گلیمورگن کی پہلی اننگز میں سُتھار نے صرف 3 گیندیں کرائیں اور آخری گیند پر نمبر 11 کے بلے باز میر حمزہ کو بولڈ کرکے اننگز 69 رنز پر ختم کردی۔

دوسری اننگز میں بھارتی اسپنر نے 2 مکمل اوورز کرائے، ایک رن بھی نہ دیا اور کرس کوک اور جیمی میک آئلروئے کو بولڈ کرکے مزید 2 وکٹیں حاصل کیں۔ یوں ان کے میچ کے اعداد و شمار 2.3 اوورز، 2 میڈن، 0 رنز اور 3 وکٹیں رہے۔ یعنی انہوں نے اپنی تمام 15 گیندیں ڈاٹ کرائیں۔

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ مانَو سُتھار فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں صرف دوسرے بولر بن گئے جنہوں نے میچ کی دونوں اننگز میں وکٹ حاصل کی اور ایک بھی رن نہیں دیا۔ اس سے قبل یہ کارنامہ 1895 میں لیسٹرشائر کے ٹام ہیورڈ نے سرے کے خلاف انجام دیا تھا۔

واروکشائر نے یہ میچ ایک اننگز اور 257 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔

 

Load Next Story