کراچی، گینگ وار کے 2 کارندے گرفتار، لاکھوں کی منشیات برآمد
کیماڑی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کاشف ڈاڈا گروہ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد کر لی گئی۔
گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش گروہ کی منشیات فروشی اوررقم کی ترسیل کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت نعمان اور شامیر کے نام سے ہوئی ہے، جوگینگ وار گروہ کیلیے ’’ٹپالی‘‘ کے طور پرکام کرتے تھے۔
ملزمان نے انکشاف کیاکہ منشیات اور رقم ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے والے افرادکیلیے ’’ٹپالی‘‘ کا کوڈورڈ استعمال کیاجاتاہے، تاکہ پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں سے بچاجاسکے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش بتایاکہ گروہ کے کارندے یومیہ تقریباً 4 سے 5 لاکھ روپے کی منشیات فروخت کرتے تھے، جبکہ کاشف ڈاڈاکیلیے دس سے 12کم عمر نوجوان نے ٹپالی کے طور پرکام کرتے ہیں۔
ملزمان نے مزید بتایاکہ منشیات فروشی کے نیٹ ورک میں خواتین بھی اہم کردار اداکرتی ہیں، جن کی مددسے ایک علاقے سے دوسرے علاقے سفرکیاجاتاہے،خواتین کومددفراہم کرنے کیلیے 3 ہزارروپے تک دیے جاتے ہیں،گرفتار ملزمان نے انکشاف کیاکہ گروہ کاسب سے کم عمرکارندہ جلال صرف 14 سال کاہے،جسے بھی منشیات فروشی کے نیٹ ورک میں استعمال کیاجاتاہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے بتایاکہ گینگ وارکاشف ڈاڈاکی جانب سے منشیات فروشی کی واردات کے عوض 2 سے 3 ہزارروپے دیے جاتے تھے، جبکہ بعض اوقات رقم کے بجائے منشیات بھی فراہم کی جاتی تھی، جبکہ کسی بھی غلطی کوتاہی کی صورت میں گھر بھی خالی کروالیاجاتاہے۔
جبکہ منشیات فروشی میں خلل ڈالنے والوں کیلیے گینگ وار کارندوں کی 50 گینگسٹر پر مشتمل ٹیم پر وقت تیاررہتی تھی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد منشیات (کرسٹل) 4 سے 5 لاکھ روپے مالیت کی ہے، جو لیاری سے فراہم کی گئی تھی اور پاک کالونی فروخت کی جانی تھی۔