انجینئرز ملک کے دفاع سمیت تمام شعبوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، نہال ہاشمی

 وزیر اعظم نے انجینیرز کے لیے لیپ ٹاپ سمیت کئی تعلیمی منصوبے دیے ہیں، گورنر سندھ

صوبے کی سرکاری جامعات کے چانسلر اور گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے انجینیرز کے لیے لیپ ٹاپ سمیت کئی تعلیمی منصوبے دیے ہیں انجینیئرز ملک کے دفاع سمیت تمام شعبوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

وہ ہفتے کی شپ این ای ڈی یونیورسٹی کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آپ طلبہ میزائل بناتے ہیں جہاز بناتے ہیں آپ سائبر سیکیورٹی دیتے ہیں آپ زراعت کے شعبے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں آپ ملکی دفاع کررہے ہیں ایکسرے، ایم آر آئی اور دیگر میڈیکل آلات انجینیرز نے ہی بنائے ہیں نہ صرف طب بلکہ یہ معاشرہ اور اس کی ترقی آپ انجینیرز کے بغیر ادھوری ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آج والدین کے لئے فخر اور خوشی کا دن ہے ان کو خوابوں کی تعبیر مل رہی ہے، این ای ڈی یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد میں بیچ 2022 کے 2262 طلبہ کو بی ایس /بی ای (گریجویشن) جبکہ881 طلبہ کو ماسٹرز کی اسناد تفویض کی گئیں 34 طالب علموں کو فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا اور 40 اسکالرز کو پی ایچ ڈی کی اسناد تفویض ہوئیں۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر نعمان احمد نے بحیثیت قائم مقام وائس چانسلر کی خطبہ استقبالیہ پیش کیا کیونکہ وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد اپنے کے والد کے انتقال کے سبب جلسہ تقسیم اسناد میں موجود نہیں ہیں مرحوم کے لیے دعائے مغفرت بھی کرائی گئی۔

اس موقع پر خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر نعمان احمد کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی ریسرچ اور اکیڈمکس میں جدت طرازی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، یونیورسٹی میں 590 ملین روپے کی 13ہزار کے قریب اسکالر شپس جاری کی گئی ہیں، ہم نالج اکانومی کے ساتھ تعلیم کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ این ای ڈی ٹائم ایجوکیشن رینکنگ میں 400 اور کیو ایس رینکنگ میں 500 جامعات میں شامل ہوچکی ہے اسکالر شپس میں ماں جی انڈوومنٹ فنڈ کے تحت اسکالر شپ بھی شامل ہے جس کی بنیاد انجینئر آفتاب رضوی نے رکھی ہے۔

این ای ڈی کا انٹرنیشنل باڈیز اور غیر ملکی جامعات کے ساتھ فیکیلٹی ایکسچینج پروگرام بھی جاری ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو نے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ لوگوں نے آج ایک سنگ میل عبور کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی ڈگری کی آج تکمیل ہوئی ہے تعلیم کا سفر ابھی جاری ہے سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ آپ کو جامعات میں بہتر سے بہتر ماحول دیں ایک وقت تھا جب کئی جامعات میں اسٹاف گیپ اریجمنٹ تھا لیکن آج سوائے دو یا تین جامعات کے سب میں مستقل وائس چانسلر موجود ہیں۔

این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد جامعہ کراچی میں بھی قائم مقام شیخ الجامعہ کے طور پر خدمات دے رہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ خطے کے موجود حالات میں ہم ہی نہیں مغرب کے ترقی یافتہ ممالک بھی معاشی مشکلات کا شکار ہیں فنڈز کی قلت کی وجہ سے کوئی نئی ترقیاتی اسکیم اس بار شامل نہیں کیے لیکن جامعات کے لیے جو 42 ارب روپے کا بجٹ تھا اسے 46 ارب کیا گیا ہے۔

آپ طلبہ خوش قسمت ہیں کہ آپ نے ملک کی بہترین یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا تھا کہ دنیا کو تبدیل کرنے والوں میں مجھے آپ طلبہ کا روشن مستقبل نظر آرہا ہے، طلبہ عملی زندگی میں بھی خود کو محنت اور لگن کے لیے تیار رکھیں آپ کے سیکھنے کا وقت ابھی ختم نہیں ہوا آپ ایک ایسے ادارے سے گریجویٹ کرکے جارہے ہیں جو پاکستان ہی نہیں پوری دنیا میں اپنا مقام رکھتا ہے۔

طلبہ اپنے ملک سے محبت کریں اور اس کے لیے خود کو تیار کریں اپنے کندھوں پر اس ملک کی ذمے داری کو محسوس کریں۔

مزید برآں ماں جی انڈوومنٹ فنڈ کے خالق انجینیر آفتاب رضوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس ڈگری کے اوپر صرف آپ طلبہ کا نام ہے لیکن اس کے پیچھے آپ کے والدین اور اساتذہ کی محنت ہے، یہ ڈگری آپ کے والدین کی ڈگری ہے اسے آپ وصول کررہے ہیں اگر آپ زندگی میں بڑا بننا چاہتے ہیں تو غریب کا ہاتھ پکڑ لیں پروردگار آپ کو خود بڑا بنادے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ پیشہ ورانہ زندگی میں آپ طلبہ کو سماجی اخلاقیات کا بہت خیال رکھنا ہے جلسہ تقسیم اسناد سے سازگار انجینئرنگ کے ایگزیکٹیوو ڈائریکٹر انجینئر سعید اقبال نے بھی خطاب کیا اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر غضنفر حسین بھی موجود تھے۔

Load Next Story