وفاقی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ میں چھٹیاں ختم، اہم کیسز پر سماعتیں کل سے شروع

چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سہیل آفریدی کے خلاف کیس کی سماعت کرے گا

وفاقی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ میں چھٹیاں ختم ہوگئیں، کل سے اہم مقدمات پر سماعتیں ہوں گی۔ وفاقی آئینی عدالت میں کل دو اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر ہیں۔

چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سہیل آفریدی کے خلاف کیس کی سماعت کرے گا۔ درخواست شیر افضل مروت نے دائر کر رکھی ہے جس میں علی امین گنڈاپور کی بطور وزیراعلیٰ بحالی کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ بینچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی شامل ہوں گے۔

وفاقی آئینی عدالت میں دوسرا اہم کیس بانی پی ٹی آئی کی طرح دیگر قیدیوں کو بھی پرائیویٹ اسپتال سے علاج کرانے سے متعلق ہے۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

اڈیالہ جیل میں قید تین قیدیوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل وفاقی آئینی عدالت میں دائر کر رکھی ہے۔ اپیل میں بانی پی ٹی آئی کی طرح دیگر قیدیوں کو بھی طبی سہولیات دینے اور ذاتی خرچ پر پرائیویٹ اسپتال سے علاج کرانے کی استدعا کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ میں کل نئے عدالتی سال کی تقریب منعقد ہوگی۔ سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی شفا اسپتال منتقلی کیس کی سماعت 16 ستمبر کو ہوگی، جبکہ اسپتال منتقلی کے 18 اگست کے حکم کے خلاف وفاقی حکومت کی نظرثانی اپیل پر بھی 16 ستمبر کو سماعت ہوگی۔

عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر بھی 16 ستمبر کو سماعت ہوگی۔ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر تاحال اگلے عدالتی ہفتے کی ریگولر کاز لسٹ جاری نہیں ہوئی۔
 

Load Next Story