امریکا: چار رکنی ٹیم نے ڈسک گالف کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا
امریکی ریاست آئیڈاہو میں چار رکنی ٹیم نے ڈسک گالف کا ہول مکمل کرنے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
ڈیوڈ رش، ان کے دوست ٹریوس ڈیوڈسن اور ڈیوڈسن کے بیٹوں اینڈرز اور اولیور نے مل کر چار افراد کی ٹیم کے ذریعے ڈسک گالف کا ہول مکمل کرنے کا تیز ترین وقت ریکارڈ کیا۔
ٹیم نے یہ کارنامہ صرف 44.31 سیکنڈز میں انجام دیا لیکن اس کامیابی کے لیے انہیں 60 مرتبہ کوشش کرنا پڑی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے قوانین کے مطابق ریکارڈ کے لیے ہول کی لمبائی کم از کم 200 میٹر ہونا ضروری تھی، جس کے لیے ٹیم نے مالارڈ پارک میں موجود پی ڈی جی اے سے تصدیق شدہ ہول کا انتخاب کیا۔
ڈیوڈ رش (جو 200 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں) کے مطابق ابتدائی درجنوں کوششیں ناکام رہیں۔ البتہ، 60 ویں کوشش میں تمام کھلاڑیوں کے شاٹس بہترین انداز میں مکمل ہوئے۔
ٹیم کی مسلسل 60 کوششوں کے بعد حاصل ہونے والی یہ کامیابی ڈسک گالف کی دنیا میں ایک منفرد کارنامہ قرار دی جا رہی ہے۔