بھارت کا ویمن ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت کر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار
بھارتی ویمن ٹیم نے ویمن ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، تاہم بھارت نے صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا۔
دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ اوپنرز شفالی ورما اور سمرتی مندھنا نے 129 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، شفالی نے 68 جبکہ مندھنا نے 59 رنز بنائے۔ رچا گھوش نے 17 اور کپتان ہرمن پریت کور نے 14 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا کی جانب سے متھالی ایودھیا، چماری اتاپتو اور چمودی پرابودا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 20ویں اوور کی آخری گیند پر 111 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان چماری اتاپتو نے 36 جبکہ نیلاک شیکا سلوا نے 22 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے شری چرانی نے 4 اور دپتی شرما نے 3 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، تاہم بھارت نے ایک بار پھر اسپورٹس اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ویمنز ایشیاکپ بھی متنازع بنا دیا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی ویمنز ایشیاکپ فائنل کے مہمان خصوصی ہیں تاہم بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے ٹائٹل جیتنے کے بعد محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی بھارت کی مینز کرکٹ ٹیم نے صدر اے سی سی محسن نقوی سے کپ لینے سے انکار کر دیا تھا۔