کراچی: سرجانی ٹاؤن میں گھر میں ماں اور3 بچے تیز دھار آلے کے وار سے قتل

پولیس کے مطابق ایک بچی زخمی حالت میں ملی جو بعد ازاں دم توڑ گئی جبکہ مقتولہ کے شوہر کو حراست میں لے لیا گیا

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7-D میں گھر سے خاتون اور دو بچوں کی لاشیں جبکہ ایک بچی زخمی حالت میں ملی جو بعد ازاں دم توڑ گئی۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق تمام افراد کو تیز دھار آلے کے وار سے نشانہ بنایا گیا، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 34 سالہ مہوش، 6 سالہ حرہا اور 5 سالہ حنین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ 18 ماہ کی بچی اشمیرہ زخمی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق خاتون بچوں کی والدہ تھی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جاں بحق افراد کی شناخت اور موت کی وجوہات کے حوالے سے تمام قانونی کارروائی مکمل کی جائے جبکہ ملوث عناصر کے بارے میں شواہد ملنے پر فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے تحقیقات میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور پیش رفت سے آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سخت نوٹس لیا اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سرجانی ٹاؤن میں چھریوں کے وار سے معصوم بچوں اور خاتون کا قتل انتہائی دردناک اور ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے پولیس کو زخمی بچی کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔

 

Load Next Story