حوثی باغیوں کے حملوں کے بعد سعودی اتحادی افواج نے بھرپور جواب دینے کا اعلان کردیا
ریاض: سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کردیا ہے۔
اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثیوں نے شہریوں اور شہری املاک کو نشانہ بنایا، جو ان کے بقول کشیدگی بڑھانے کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔
ترکی المالکی نے کہا کہ اتحادی افواج سعودی عرب کی خودمختاری، شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری دفاعی اور عملی اقدامات کریں گی اور حوثیوں کے حملوں کا ذمہ داری کے ساتھ سخت جواب دیا جائے گا۔
اس سے قبل سعودی اتحاد نے بتایا تھا کہ پیر کو حوثیوں کے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوئے، جبکہ متعدد رہائشی مکانات اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
حوثیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کے کنگ خالد ایئر بیس کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا تھا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔
سعودی اتحاد کے تازہ بیان سے یمن کے حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
حوثیوں کی حالیہ پیش قدمی اور بحیرہ احمر کے اہم علاقوں پر ان کے بڑھتے ہوئے کنٹرول نے علاقائی سکیورٹی اور عالمی بحری تجارت کے حوالے سے بھی تشویش بڑھا دی ہے۔