کراچی میں انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ سرغنہ سمیت گرفتار، اسلحہ اور موبائل برآمد

ملزمان 21 اگست کو کلفٹن میں ٹائل شوروم کے مالک سے 40 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے تھے

کراچی:

کراچی میں پولیس کو انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا گیا، جس سے اسلحہ اور موبائل برآمد کرلیا گیا ہے۔

ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور لوٹ مار کی بیشتر وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب 4 رکنی ڈکیت گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ انویسٹی گیشن توحید رحمان کے مطابق گرفتار ملزمان کا گروہ ساؤتھ اور ایسٹ کے علاقوں میں وارداتیں کرتا تھا، جبکہ ملزمان سے اسلحہ، نقدی اور چھینے گئے موبائل فونز بھی برآمد ہوئے ہیں۔

توحید رحمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت سلمان، مجاہد، حمزہ اور اللہ نور کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان پولیس کو انتہائی مطلوب اور عادی جرائم پیشہ ہیں، جبکہ ان کے خلاف ڈکیتی اور اسلحے کے مقدمات بھی درج ہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزمان نے 21 اگست کو کلفٹن کے علاقے میں ٹائل شوروم کے مالک کو لوٹا اور اس سے 40 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے تھے۔ ملزمان سال 2023 میں بھی اسی ٹائل شوروم کے مالک سے 20 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ چکے ہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزم حمزہ کے خلاف 2022 میں تھانہ مبینہ ٹاؤن میں قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا اور وہ اس مقدمے میں گرفتار ہوکر جیل بھی جاچکا ہے۔  ملزم حمزہ نے جیل سے رہائی کے بعد ڈکیت گروہ بنایا تھا، جبکہ گرفتار سرغنہ نے گروہ میں ایک خاتون ملزمہ کو بھی شامل کیا تھا۔

ایس ایس پی ساؤتھ انویسٹی گیشن کے مطابق گرفتار ملزمان کا مزید سابقہ مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے اور ان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

Load Next Story