کراچی میں ہنڈی حوالہ کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، ایک کروڑ 8 لاکھ روپے برآمد

ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل اور کمرشل بینکس سرکل نے کارروائیوں میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا

کراچی:

کراچی میں ہنڈی حوالہ کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کے دوران ایک کروڑ 8 لاکھ روپے برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل اور کمرشل بینکس سرکل کراچی نے غیر قانونی ہنڈی حوالہ اور کرنسی ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 8 لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد کی گئی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق غیر قانونی ہنڈی حوالہ اور منی ویلیو ٹرانسفر سروسز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اہم ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی کی ٹیم نے لیاری، ضلع جنوبی کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے سراج عرف سکندر عرف رابرٹ کو گرفتار کیا۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران غیر قانونی ہنڈی حوالہ سے متعلق 45 لاکھ روپے برآمد کیے گئے، جبکہ ملزم کے قبضے سے 2 موبائل فونز بھی تحویل میں لیے گئے۔ ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ موبائل فونز میں بینکنگ چینلز استعمال کیے بغیر بین الاقوامی رقوم کی منتقلی سے متعلق آڈیو اور ٹیکسٹ پیغامات موجود تھے۔

ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات کے ذریعے ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر ملزمان کا سراغ لگایا جارہا ہے۔

دوسری کارروائی میں ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی کی ٹیم نے ناظم آباد انڈر پاس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سمیر جاوید ولد محمد جاوید اور محمد عرفان ولد محمد اسلم کو گرفتار کیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان غیر قانونی ہنڈی حوالہ کی رقم کی وصولی میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے زیر استعمال گاڑی سے 63 لاکھ روپے نقد اور ایک موبائل فون برآمد کرکے قبضے میں لیا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق موبائل فون میں غیر قانونی ہنڈی حوالہ سرگرمیوں سے متعلق شواہد موجود تھے۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 03/2026 درج کرلی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی میں غیر قانونی ہنڈی حوالہ، منی ویلیو ٹرانسفر سروسز اور فارن ایکسچینج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔

Load Next Story