کرایہ، اے آئی اور دنیا سے تنگ 100 سے زائد افراد سمندر کے سامنے چیخنے پہنچ گئے
امریکی شہر سان فرانسسکو میں 100 سے زائد افراد اپنی جھنجھلاہٹ اور غصہ نکالنے کیلئے ایک انوکھی تقریب میں جمع ہوئے اور بیک وقت پیسیفک اوشن کی جانب منہ کر کے زور زور سے چیخنے لگے۔
’گٹرل اسکریم ایٹ دی سی‘ نامی اس منفرد ایونٹ کا انعقاد مقامی رہائشی ڈینیئل ایگن نے اوشن بیچ کے قریب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں خود ایک زوردار چیخ کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی، اس لیے سوچا کہ کیوں نہ دوسرے لوگوں کو بھی ساتھ شامل کر لیا جائے۔
تقریب کے اشتہار میں چیخنے کی دلچسپ وجوہات میں بڑھتا ہوا کرایہ، مصنوعی ذہانت سے جھنجھلاہٹ، غصہ اور محض ’چیخنے سے اچھا محسوس ہونا‘ شامل تھا۔
مقابلہ جیتنے والی اولیویا گوگلیموٹو کی چیخ 121.9 ڈیسی بیل ریکارڈ کی گئی، جو 129 ڈیسی بیل کے عالمی ریکارڈ سے کچھ ہی کم تھی۔ انہیں انعام میں ایک چھوٹا میگا فون بھی دیا گیا۔
فاتح خاتون کا کہنا تھا کہ ان کی چیخ کسی ایک چیز کیلئے نہیں بلکہ ’پوری دنیا‘ کیلئے تھی۔